ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار اسمبلی انتخابات: ٹکٹ کی دوڑ میں سابق حوالدار سے ہار گئے سابق ڈی جی پی گپتیشور پانڈے!

بہار اسمبلی انتخابات: ٹکٹ کی دوڑ میں سابق حوالدار سے ہار گئے سابق ڈی جی پی گپتیشور پانڈے!

Thu, 08 Oct 2020 20:42:49    S.O. News Service

پٹنہ،8؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) سیاست بھی عجب چیز ہوتی ہے۔ اپنے میدان میں ناکام رہے لوگ کبھی کبھی سیاست میں بڑا نام کر جاتے ہیں اور کبھی کبھی ماہر کھلاڑی بھی سیاست کے میدان میں ناکام ثابت ہوتے ہیں۔ بہار کے سابق ڈی جی پی گپتیشور پانڈے کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی ہے جنہوں نے رضاکارانہ طور پر اپنے عہدے سے سبکدوشی حاصل کی اور بکسر سیٹ سے سیاسی زمین تلاش کرنے لگے۔ لیکن سابق حوالدار پرشورام چترویدی نے کچھ ایسا داؤ چلا کہ گپتیشور پانڈے کے ارمانوں پر پانی پھر گیا۔

دراصل گپتیشور پانڈے نے سیاست میں قدم رکھنے کے ساتھ ہی خود کو بکسر کا بیٹا اور بہار کا سپاہی کہنا شروع کر دیا تھا۔ ایسا لگنے بھی لگا تھا کہ یہ سیٹ جے ڈی یو کے کھاتہ میں چلی جائے گی اور ٹکٹ گپتیشور کی جھولی میں آگرے گی، لیکن پولیس ملازمت میں حوالدار کے عہدے پر فائز رہے کسان رہنما پرشورام چترویدی نے اس سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر میدان میں اترنے کا فیصلہ کر لیا۔ بس اس کے بعد حوالدار رہے پرشورام چترویدی سابق ڈی جی پی گپتیشور پر بھاری پڑ گئے۔ این ڈی اے کی نشستوں کی تقسیم میں بکسر سیٹ بی جے پی کے کھاتے میں چلی گئی اور پرشورام چترویدی کو بی جے پی نے یہاں سے امیدوار بنایا ہے۔

ادھر، گپتیشور پانڈے کا کہنا ہے ’’میری سبکدوشی کے بعد سبھی کو یہ امید تھی کہ میں چناؤ لڑ رہا ہوں لیکن میں اس بار کا انتخاب نہیں لڑ رہا ہوں۔ مایوس ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔ صبر و تحمل سے کام لیں۔ میری زندگی جدوجہد ہی میں گزری ہے۔ میں عمر بھر عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ برائے کرم مجھے فون نہ کریں، میری زندگی بہار کے لئے وقف ہے۔‘‘

گپتیشور پانڈے کو 11 سال پہلے بی جے پی نے بھی جے ڈی یو کی طرح ’دھوکہ‘ دیا تھا۔ سال 2009 میں بھی سیاسی میدان میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کرنے والے گپتیشور پانڈے سے رضاکارانہ طور پر سبکدوشی حاصل کر لی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ گپتیشور پانڈے بہار کی بکسر سیٹ سے ٹکٹ چاہتے تھے لیکن انہیں ٹکٹ نہیں مل سکا اور گپتیشور خاموشی سے اپنی پولیس کی ملازمت میں واپس چلے گئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گپتیشور پانڈے نے دوبارہ اسی بکسر سیٹ سے انتخابی میدان میں اترنے کے لئے ڈی جی پی کا عہدہ چھوڑ دیا۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی موجودگی میں انہوں نے جے ڈی یو میں شمولیت بھی اختیار کر لی، لیکن گپتیشور کا خواب پورا نہیں ہو سکا۔ بکسر سیٹ بی جے پی کے کھاتے میں چلے جانا گپتیشور پانڈے کے لئے سیاسی طور پر ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔


Share: